فیصل آباد شہر کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان ناگزیر ہے،کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ایف ڈی اے کمپلیکس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف ڈی اے کے زیر اہتمام ترتیب دیئے گئے فیصل آباد ماسٹر پلان کے ڈرافٹ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری نے فیصل آباد ماسٹر پلان کے پس منظر، تفصیلات، اس حوالے سے کی جانیوالی سٹڈی اور تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر آصف چوہان، ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، یاسراعجاز چٹھہ ودیگر افسران موجود تھے۔ کمشنر نے فیصل آباد ماسٹر پلان کے مختلف اہم پہلوئوں ،زمینوں کے استعمال کی تقسیم کے زونز، پائیداد صنعتی، زرعی، تعلیمی، سماجی و شہری ترقی کے لئے مستقبل کی ضروریات کا جائزہ لیا اور کہا کہ کسی بھی شہر کی منظم اور جدید ترقی کے لئے ماسٹر پلان اہم عنصر ہے لہذا بے ہنگم شہری ترقی کو روکنے کے لئے فیصل آباد ماسٹر پلان ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا اور پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہے جس کی عالمی معیار کے مطابق ترقی کیلئے حکومت پنجاب کی خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ماسٹر پلان کے ڈرافٹ کی تفصیلی اسیسمنٹ کر کے اسے سٹیک ہولڈرز کے لئے قابل قبول بنائیں گے۔کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد ماسٹر پلان پر ماحولیات کے حوالے سے فاضل عدالت کے اعتراضات بھی دور کرکے اسے مستقبل تقاضوں سے ہم آہنگ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور جدید شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید پلاننگ بھی کی جائیگی۔ کمشنر نے ہدایت کی ماسٹر پلان کی حتمی کلیئرنس کے لئے محکمانہ اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ فاضل عدالت کے اعتراضات دور کرنے کے لئے ضروری قانونی ،تکنیکی و انتظامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرڈویژنل انتظا میہ شہر کی بلند و بالا عمارات میں فائر سیفٹی اقدامات کو مکمل کرانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور خود میدان میں آگئے۔وہ ریجنسی پلازہ میں چوہدری آرکیڈ،بیرون چنیوٹ بازار اسٹیٹ لائف بلڈنگ،میزان ایگزیکٹو ٹاور ودیگر عمارات میں گئے اور آگ بجھانے والے آلات کے فعال ہونے اور تاریخ تنسیخ چیک کی۔انہوں نے بعض عمارات میں ایمرجنسی ایگزیٹ بنانے کے لئے3 ہفتوں کا وقت دیا۔انہوں نے ایمرجنسی آلارم کی موجودگی اور فعال ہونے کی تصدیق کی جبکہ فائر وائر سمیت دیگر آلات کو بھی تفصیلی چیک کیااور کہا کہ بیسمنٹ میں فائر سیفٹی آلات کے اردگرد موٹر سائیکل وگاڑیوں کی پارکنگ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر کی 377ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔نمائشی کام کی گنجائش نہیں۔کمشنر نے کہا کہ غیر محفوظ عمارات کو محفوظ بنانے تک انسپکشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے عدم تعاون پر عمارت سیل اور بھاری جرمانوں کا عندیہ دے دیا۔ریسکیو 1122،میونسپل کارپوریشن،ایف ڈی اے کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں