ماحول دوست سیاحت کیلئے بہتر ممالک

نیو یارک ( مانیٹرنگ ڈیسک )ماحول دوست اور پائیدار سیاحت عالمی سطح پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ دنیا کے مختلف خطوں میں ایسے کئی ممالک نمایاں ہو کر سامنے آئے ہیں جو قابلِ تجدید توانائی ، جنگلات کے تحفظ اور کمیونٹی بیسڈ ٹورازم کو فروغ دے رہے ہیں۔ان مقامات پر سیاح نہ صرف فطرت سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار بھی ادا کرتے ہیں۔بیک روڈ پلینٹ ویب سائٹ کے مطابق کوسٹا ریکا ماحول دوست سیاحت کے شعبے میں دنیا بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ملک میں ہزاروں ایکڑ پر پھیلے بارانی جنگلات، نیشنل پارکس اور محفوظ جنگلی حیات کے علاقے موجود ہیں۔یہاں آنے والے سیاح کلاڈ فاریسٹ، آتش فشاں اور دریاں کا مشاہدہ کرتے ہیں جبکہ قابلِ تجدید توانائی سے چلنے والے ایکو لاجز انہیں ماحول دوست رہائش فراہم کرتے ہیں۔کوسٹا ریکا میں شجرکاری، کچھوں کے تحفظ اور جنگلی حیات کی نگرانی جیسے پروگرام سیاحوں کو قدرتی ماحول کی بحالی میں شامل ہونے کے مواقع دیتے ہیں۔آئس لینڈ نے بھی اپنی طرزِ زندگی اور سیاحتی ڈھانچے کو ماحول دوست بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ملک کا زیادہ تر حصہ جیوتھرمل توانائی سے چلتا ہے جبکہ ٹور آپریٹر کم سے کم ماحولیاتی اثرات رکھنے والی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔گلیشیئرز، آبشاروں اور آتش فشاں کا مشاہدہ کرنے والے سیاحوں کو مقامی ماہرین ماحولیاتی نظام اور ذمہ دار سیاحت کے اصولوں سے آگاہ کرتے ہیں۔ آئس لینڈ اس بات کی مثال بن چکا ہے کہ سیاحت پر انحصار رکھنے والی معیشت بھی ماحول کے تحفظ کو اولین ترجیح دے سکتی ہے۔نیوزی لینڈ ماحول دوست قوانین، نیشنل پارکس کے انتظام اور سمندری حیات کے تحفظ میں نمایاں کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ ملک میں موجود ہائیکنگ ٹریلز، ایکو لاجز اور کمیونٹی بیسڈ تجربات سیاحوں کو فطرت کے قریب لانے کے ساتھ مقامی ماری روایات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں