یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ، ننکانہ کبڈی کلب فاتح قرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ ”یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ” ننکانہ کبڈی کلب نے جیت لیا جس نے شیر پنجاب ٹائیگرز کبڈی کلب کو 35کے مقابلے میں 40پوائنٹس سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور تین لاکھ روپے نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور دو لاکھ روپے نقد کے انعامات دیئے گئے۔ ایف ڈی اے سٹی کے ڈی بلاک کی گرائونڈ میں منعقد ہونے والے یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ کے فائنل میچ میں ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا مہمان خصوصی جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان اعزاز تھے۔ چیف انجینیئر ایف ڈی اے مہرایوب, پراجیکٹ ڈائریکٹر/ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ایف ڈی اے کے دیگر افسران کے علاوہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ، آرگنائزنگ سیکرٹری طیب گیلانی، عمائدین شہر، شعبہ سپورٹس کی ممتاز شخصیات اور بہت بڑی تعداد میں کبڈی کے شائقین اس موقع پر موجود تھے۔ سانجھا پنجاب کبڈی کلب اور مزمل بوٹا آزاد کبڈی کلب کی ٹیموں نے بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن کر کے ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی حاصل کی۔ مہمان خصوصی ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا فائنل میچ کی ٹیموں سے تعارف کرایا گیا اور اختتام پر انعامات تقسیم کیے گئے۔کثیر تعداد میں شائقین نامور کبڈی ٹیموں کے سخت اور سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے۔ تقسیم انعامات کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا نے یوم کشمیر کبڈی کپ جیتنے والے ٹیم کو مبارکباد دی اور بہترین مقابلوں پر دیگر شریک ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری بھائیوں سے والہانہ محبت اور گہری وابستگی کا نمایاں اظہار کرنے کے لئے کبڈی کے مقبول کھیل کے انعقاد پر ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری اور ان کی ٹیم کے شاندار اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یوم کشمیر پر کبڈی کے پرجوش اور کانٹے دار مقابلوں سے عوامی سطح پر مسئلہ کشمیر منفرد انداز میں اجاگر ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں