فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مہر صادق مارکیٹ کے سینئر تاجروں نے سیوریج، صفائی اور مختلف سرکاری محکموں کی بے جا مداخلت کے خلاف فیصلہ کن جہدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ 10سالوں سے خود ساختہ مسلط افراد کی بجائے قانونی و جمہوری طریقے سے منتخب باڈی ہی مارکیٹ کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ اس بات کا فیصلہ شہر کی اہم ترین مہر صادق مارکیٹ کے سینئر ترین تاجر رہنمائوں نے گزشتہ شب کینال روڈ کے ایک ہوٹل میں متفقہ طور پر کیا۔ جس میں سینیئر تاجر رہنمائوں میاں رفیق، محمد شاہنواز، بشیر احمد، ملک گلزار سلطانی، عمیر انور، تنویر انصاری، محمد شفیق شیخ، حاجی محمد نواز، سہیل احمد اور حاجی محمد عدیل سمیت تاجروں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجران مہر صادق مارکیٹ کا یہ ایک اہم اجلاس ہے۔ جس میں مارکیٹ کے سینئر ممبران سمیت تاجران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی. تمام تاجروں نے مارکیٹ میں عرصہ دس سال سے درپیش ناقص سیکورٹی، بدترین صفائی، بند سیوریج اور مختلف محکمہ جات کی بے جا مداخلت کے بارے اپنی بھر پور تشویش کا اظہار کیا۔ تاجران مہر صادق مارکیٹ نے اتفاق کیا کہ مارکیٹ میں تمام مسائل کا حل خود ساختہ مسلط آمریت کی بجائے متفقہ جمہوری طریقے میں ہے. جمہوری طریقے سے ایک منتخب باڈی ہی مارکیٹ کے نظام کو چلانے کی اہل ہے. اجلاس میں سینئر ممبران کی زیر نگرانی ان معاملات کو باہمی گفت و شنید کے ساتھ حل کرنے پر اتفاق کیا گیا اور مارکیٹ میں مسلط نظام کی جگہ جمہوری طریقہ سے تبدیلی کا طریقہ کار متعین کرنے کی بات کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا جو بعد ازاں اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔




