جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ تھانہ ستیانہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار’ ساتھی فرار ہو گئے، تفصیلا ت کے مطابق تھانہ ستیانہ کی حدود چک نمبر 90گ ب لنک روڈ پر ناکہ لگائے پولیس پارٹی نے موٹر سائیکل سوار 3افراد کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی جان لیوا فائرنگ شروع کر دی مبینہ پولیس مقابلہ کی اطلاع پر پولیس کی مزید نفری بھی پہنچ گئی۔ مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسکی شناخت اصغر علی ساکن 275گ ب کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اسکے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے پولیس نے زخمی حالت میں پکڑے جانیوالے ڈاکو کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس تھانہ ستیانہ کا کہنا ہے کہ زخمی حالت میں پکڑے جانیوالے ڈاکو کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں پولیس تھانہ ستیانہ نے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔




