ٹوبہ ‘ٹریفک حادثے میں 6سالہ بچہ جاں بحق

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)تھانہ صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گائوں 294گ ب میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 6 سالہ معصوم بچہ زکریا جاں بحق ہوگیا، جس سے پورے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق زکریا قرآن پاک پڑھنے کے لیے جا رہا تھا اور اس کے ہاتھ میں قرآن مجید بھی موجود تھا کہ اسی دوران ایک ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ زخمی بچے کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔علاقہ مکینوں کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی ایک 16 سالہ نوجوان اور مبینہ کم عمر ڈرائیور چلا رہا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق بچے کی میت پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دی گئی ہے جبکہ حادثے میں ملوث ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ 16 سالہ مبینہ کم عمر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں