ٹریفک وارڈنز چالان کم کرکے ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کریں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر ) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کا اجلاس چیئرمین حاجی محمد عابد کی صدارت میں ہوا’ اجلاس میں ڈی ایس پیز ٹریفک میڈم ارم ناز’ عرفان عاشق پیپلزکالونی سرکل’ راشد بشیرجڑانوالہ روڈ سرکل’ کاشف حسین ہیڈ کوارٹر کے علاوہ سابق صدر FCCI رانا محمد سکندراعظم خاں’ سابق نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی’ سابق ایگزیکٹو ممبران رانا اکرام اللہ خاں’ رانا ایوب منج’ شیخ آصف انوار’ ملک شاہد رسول اور حاجی الطاف رحمانی نے شرکت کی’ اجلاس میں مستقبل کے لیے ٹریفک مینجمنٹ کے اصول وضع کیے گئے ‘ چیئرمین ٹریفک کمیٹی حاجی محمد عابد اور ممبران نے ڈی ایس پیز ٹریفک کو شہر بھر کے ٹریفک کے مسائل سے آگاہ کیاخصوصاآٹھ بازاروں’ بڑی شاہراہوں اور شہر کے مختلف مصروف ترین چوکوں میں ٹریفک کے سنگین مسائل کی طرف توجہ دلائی’ کمیٹی کے ارکان نے ڈی ایس پیز ٹریفک کو بتایا کہ ون وے کی خلاف ورزی فیشن بن چکا ہے’ ٹریفک وارڈن کو پابند کیا جائے کہ جو شخص بھی ون وے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ‘ اس کے علاوہ بیرون منٹگمری بازار’ سرکلر روڈ’ ریلوے روڈ’ ہلال احمر روڈ’عید گاہ روڈ’ جھنگ روڈ’ سمندری روڈ’ کینال روڈ’ بیرون جھنگ بازار و دیگر بڑی شاہراہوں اور چوک’ چوراہوں پر وارڈن کی تعداد میں اضافہ کیا جائے’ وارڈنز کو پابند کریں کہ وہ چالانوں پر توجہ کم کر کے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کام کریں’ رات کے وقت آٹھ بازاروں کے باہر خاص طور پر جھنگ بازار’ کارخانہ بازار’ منٹگمری بازار او ربھوانہ بازارکے داخلی اور خارجی چوکوں میں چنگ چی رکشوں کے رش کی وجہ سے پیدل چلنے والے سخت تکلیف سے دوچار ہوتے ہیں’ ان کے مناسب حل کیا جائے’ وفد کے ارکان نے ڈی ایس پیز ٹریفک کی توجہ صبح اور رات 12 بجے کے بعد ٹریفک کے اشاروں کی طرف مبذول کروائی’ اس ٹائم ٹریفک بالکل نہیں ہوتی اور ٹریفک سگنل چل رہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک سگنل پر رکنا پڑتا ہے جو ٹائم کا ضیاع ہے ہماری تجویز ہے کہ اس ٹائم ٹریفک سگنلز کو بند کر دیا جائے گاکہ شہریوں کو گزرنے میں آسانی ہو’ ڈی ایس پیز ٹریفک میڈم ارم ناز’ عرفان عاشق پیپلزکالونی سرکل’ راشد بشیرجڑانوالہ روڈ سرکل’ کاشف حسین ہیڈ کوارٹر نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے چیئرمین حاجی محمد عابد اور ممبران کے مسائل خندہ پیشانی سے سنے اور موقع پر ہی اپنے ماتحت عملے کوآرڈر جاری کئے کہ ٹریفک کے بہائو میں جو بھی مشکلات درپیش ہیں انہیں فوری دور کیا جائے ‘ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم خود ان پوائنٹس کا وزٹ کریں گے اور تاجروں کی مشاورت سے ٹریفک کے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے اور مل کر ایسا لائحہ عمل مرتب کریں گے تاکہ ٹریفک کے مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے’ انہوں نے ماتحت عملے کو ہدایات جاری کیں FCCI میں سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریفک کے ممبران سے مکمل تعاون کرنے کا کہا’ ڈی ایس پیز ٹریفک نے کہا کہ شہر کے تاجروں کے مشاورت ہمارے لئے انتہائی اہم ہے’ ہماری ہرممکن کوشش ہو گی جن مسائل کی طرف آپ لوگوں نے نشاندہی کی ہے انہیں فوری حل کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں