RPOنے 3سب انسپکٹرز،3کانسٹیبل ملازمت سے برخاست کردئیے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی زیر صدارت پولیس لائنز کمپلیکس میں اردل روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیصل آباد ریجن سے تعلق رکھنے والے 100سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کے شوکاز نوٹسز، محکمانہ اپیلوں اور انضباطی معاملات کی سماعت کی گئی۔سماعت کے دوران کرپشن، ناقص کارکردگی، اختیارات سے تجاوز، غفلت، لاپرواہی اور محکمانہ قواعد کی خلاف ورزی پر متعدد افسران و اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی سزائیں سنائی گئیں۔آر پی او نے سب انسپکٹر آصف علی (سابق ایس ایچ او تھانہ ستیانہ)، سب انسپکٹر علی اصغر (ریڈر ایس پی اقبال ڈویژن)، سب انسپکٹر وقاص سرور، ہیڈ کانسٹیبل عامر شہزاد، کانسٹیبل فاروق نواز (ضلع فیصل آباد) اور کانسٹیبل منظر حسین (ضلع چنیوٹ) کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے۔اس کے علاوہ انسپکٹر یوسف شہزاد کی رینک تنزیل کرتے ہوئے انہیں انسپکٹر سے سب انسپکٹر بنا دیا گیا، جبکہ سب انسپکٹر محمد سلیم (ایس ایچ او تھانہ کر) اور سب انسپکٹر ارسلان راشد (ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ) کی دو، دو سال سروس ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ناقص تفتیش پر سب انسپکٹر تفسیر عباس (تھانہ بٹالہ کالونی) کی ایک سال کے لیے پروموشن روک دی گئی، جبکہ انسپکٹر افتخار احمد (ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ) کو اختیارات سے تجاوز کرنے پر تنخواہ میں تنزلی کی سزا دی گئی۔اسی طرح سب انسپکٹر رضوان جاوید، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہزاد اور ہیڈ کانسٹیبل وقاص کو سنشور (Censure) کی سزا سنائی گئی۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے محکمانہ نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 31 اپیلیں منظور کیں اور متعلقہ پولیس افسران و اہلکاروں کو عام معافی بھی دے دی۔اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف خود احتسابی کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ میں کرپشن، نااہلی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے پولیس افسران و اہلکار اپنا قبلہ درست کر لیں، کیونکہ ایسے عناصر کے لیے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔آر پی او نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور احترام سے پیش آیا جائے، جبکہ عوام الناس کی جان و مال کا تحفظ اور بہترین خدمت پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں