لاہور(بیوروچیف) پاکستان کی آٹو موبائل اور توانائی کی صنعت میں ایک نئے اور تاریخی باب کا آغاز کرتے ہوئے نپون ایچ ای وی (NIPPON HEV) نے جدید جاپانی ہائیڈروجن موبیلٹی ٹیکنالوجی، ہائیڈروجن پر مبنی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور جدید بیٹری سلوشنز کو باضابطہ طور پر پاکستان میں متعارف کرا دیا۔ اس تاریخی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وفاقی وزیر اور ملک کی ممتاز کاروباری شخصیت ایس ایم منیر تھے، جبکہ تقریب میں جاپان اور پاکستان سے نپون کے اعلیٰ حکام، یو بی ایل کے سینئر نمائندگان، صنعتکاروں، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات، ڈیلرز اور قومی و بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا تیزی سے متبادل توانائی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب بڑھ رہی ہے، ایسے میں پاکستان کے لیے بھی جدید گرین موبیلٹی ٹیکنالوجی اختیار کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔ نپون ایچ ای وی کا پاکستان میں آغاز صرف ایک نئی کمپنی یا نئی گاڑیوں کی لانچ نہیں بلکہ ملک میں جدید، ماحول دوست اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ سفری نظام کی بنیاد رکھنے کی ایک سنجیدہ اور دور رس کاوش ہے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان ہر سال درآمدی پیٹرولیم مصنوعات پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے جس کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر مسلسل دبائو بڑھتا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں متبادل توانائی پر مبنی جدید ٹیکنالوجی نہ صرف قومی معیشت کو سہارا دے سکتی ہے بلکہ مستقبل میں ایندھن کی درآمد پر انحصار کم کرنے، ماحول کو آلودگی سے محفوظ بنانے، توانائی کے نئے ذرائع متعارف کرانے اور جدید صنعتی ترقی کی راہیں بھی ہموار کر سکتی ہے۔نپون ایچ ای وی نے اپنی جدید مصنوعات میں ہائیڈروجن پر مبنی گاڑیاں، مسافر کاریں، موٹر سائیکلیں، جدید لیتھیم بیٹری ٹیکنالوجی اور توانائی ذخیرہ کرنے کے جدید نظام متعارف کرائے ہیں، جن کا مقصد صارفین کو عالمی معیار کی محفوظ، کم خرچ، ماحول دوست اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ کمپنی مستقبل میں پاکستان میں ایک مکمل گرین موبیلٹی اور کلین انرجی ایکو سسٹم قائم کرنے کے وژن پر بھی کام کر رہی ہے۔ایس ایم منیر نے افتتاح کیاتقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر، ممتاز صنعتکار اور معروف کاروباری رہنما ایس ایم منیر نے نپون ایچ ای وی کی انتظامیہ کو پاکستان میں جدید جاپانی ہائیڈروجن ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا:”دنیا تیزی سے صاف توانائی اور جدید ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان کو بھی اس تبدیلی کا حصہ بننا ہوگا۔ نپون ایچ ای وی نے پاکستان میں جدید جاپانی ہائیڈروجن ٹیکنالوجی متعارف کرا کے ایک قابلِ تحسین قدم اٹھایا ہے۔ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے منصوبے نہ صرف درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، قیمتی زرمبادلہ کے تحفظ، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ اور جدید صنعتی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔




