FDAسٹی سپورٹس کمپلیکس میں شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد و چیئرپرسن مسرت جبیں کی ہدایت پر سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ممبرشپ کیلئے درخواست دینے والے مزید امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل کمشنر (کوآرڈینیشن) سید تنویر مرتضیٰ اور مینجمنٹ کمیٹی کے دیگر ارکان نے امیدوارو ں کی درخواستوں، اہلیت اور متعلقہ کوائف کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مرد و خواتین تمام 33 امیدوارو ں کو سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ دینے کی منظوری دی۔ اس منظوری کے بعد سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کے مجموعی ممبرز کی تعداد بڑھ کر 436 ہو گئی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نومنتخب ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید کھیلوں اور تفریحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ صحت مند طرزِ زندگی اور مثبت معاشرتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی و ذہنی صحت کے ضامن ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک، باہمی احترام اور قومی جذبے کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس میں مرد و خواتین شائقین کے لئے جدید سوئمنگ پولز، جمنیزیم، بیڈمنٹن، لان ٹینس، سکوائش، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، پیڈل ٹینس سمیت دیگر انڈور کھیلوں کی معیاری سہولیات دستیاب ہیں۔ ان سہولیات کو مزید بہتر بنانے، جدید آلات کی فراہمی، بہترین انتظامی خدمات اور ممبران کو معیاری ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے نئے ممبران پر زور دیا کہ وہ سپورٹس کمپلیکس کے قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کرتے ہوئے ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں، صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمونٹی کلب/ سپورٹس کمپلیکس ایک خاندان کی مانند ہے لہذا ہاہمی عزت و احترام اور اعلی اخلاقی اقدار کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد و چیئرپرسن مینجمنٹ کمیٹی مسرت جبیں کی ہدایات کے مطابق سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کو خطے کا مثالی اسپورٹس سنٹر بنانے، شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں