فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹرسردار خلیل طاہر سندھو نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست انتقام، انتشار اور معاشی تباہی پر مبنی ہے اسے اپنے بانی کی رہائی کے علاوہ پاکستان میں ہونیوالی دہشت گردی کے خاتمہ اورعوامی معاملا ت سے کوئی دلچسپی نہیں-ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور حکومت میں ملکی ترقی کا عمل رک گیا تھا اور معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی تھی جبکہ اس سے قبل2017میں اس وقت کے وزیراعظم میاں نوازشریف نے آ ئی ایم ایف سے نجات حاصل کرلی تھی۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی ہمیشہ سے کی جانے والی احتجاجی سیاست عوامی مفاد کے منافی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماں کو قانون کا سامنا کرنا چاہیے۔ 9مئی کے واقعات اور دیگر قانونی مقدمات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایاگیاحکومت کسی بھی غیر آئینی دبائو کو تسلیم نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت سے واضح ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی کاکوئی سیاسی مستقبل نہیں وہ اندرونی طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کئی ناراض ارکانِ اسمبلی اور رہنما خود اپنی پارٹی کی پالیسیوں سے تنگ آ کر مسلم لیگ (ن)میں شامل ہو رہے ہیں۔




