کمشنر سرگودھا کا کارڈیالوجی کا دورہ ،مریضوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات پر اظہار اطمینان

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے میں جاری انتظامی و طبی تیاریوں، مریضوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ادارہ پنجاب میں خصوصی امراضِ قلب کی سہولیات کے لیے قائم کیا گیا ہے ۔ دورے کے دوران متعلقہ افسران نے کمشنر کو ادار ے کی تیاریوں، طبی آلات، مختلف وارڈز، ایمرجنسی، کیتھ لیب اور دیگر سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ادارے کو جلد از جلد مکمل استعداد کے ساتھ فعال بنانے کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات میسر آ سکیں۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج، صفائی، طبی آلات کی فعالیت اور انتظامی امور میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ ادارے کی مکمل فعالیت اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اشفاق الرحمن خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احمد ھارون اور اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں