سرگودھا میں عطائیوں اور غیر قانونی میڈیکل سٹورز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری

سرگودھا(بیورو چیف)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی، ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم نے بتایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں عطائیوں اور غیر قانونی میڈیکل سٹورز کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے 57 مراکز کا معائنہ کیا، 39 عطائیوں کو چالان کیا جبکہ 35 عطائیوں کے مراکز کو سیل کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عطائیوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مقدمات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔سی او ہیلتھ نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران ضلع کے سات ڈرگ انسپکٹرز نے 62 میڈیکل سٹورز کا معائنہ کیا۔ مختلف ادویات کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ ادویات کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں