میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ کو اسناد بروقت جاری کی جائیں

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے وفد کی چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر رانا بنیامین سے ملاقات، طلبہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو۔ پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے چیئرمین رانا شاہد مقرب کی قیادت میں وفد نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے نئے تعینات چیئرمین پروفیسر رانا بنیامین سے ملاقات کی۔ وفد میں میاں ندیم شہزاد ، چوہدری گلزار حسین، سید ابرار حسین شاہ، رانا خلیل احمد، حاجی جاوید اقبال اور رانا بشارت علی شامل تھے۔ وفد نے چیئرمین بورڈ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ملاقات کے دوران میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو اسناد بروقت جاری کی جائیں تاکہ انہیں ارجنٹ اسناد کے حصول کے لیے اضافی فیس ادا نہ کرنا پڑے اور غیر ضروری پریشانی سے بھی بچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کے لیے امتحانی و پریکٹیکل سنٹرز ان کے رہائشی علاقوں کے قریب قائم کرنے، آن لائن فیس جمع کرانے کے نظام کو مزید آسان اور موثر بنانے سمیت دیگر انتظامی امور پر بھی تجاویز پیش کی گئیں۔چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر رانا بنیامین مین نے وفد کی تجاویز کو مثبت قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ طلبہ اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور باہمی تعاون سے تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔اس موقع پر پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب اور چیئرمین بورڈ کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ طلبہ کے مفاد میں باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے مسائل کے بروقت اور موثر حل کو یقینی بنایا جائے گا۔چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر رانا بنیامین مین نے کہا کہ وہ میرٹ، شفافیت اور بہترین گورننس پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کو ایک مثالی، جدید اور طلبہ دوست ادارہ بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔آخر میں پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر چیئرمین تعلیمی بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں بورڈ کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی اور طلبہ و تعلیمی اداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں