امام حسین علیہ السلام نے عظیم قربانی دیکر اسلام کو زندہ کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جامع مسجد سیدہ خدیجة الکبری، سمن آباد فیصل آباد میں اعجاز نوری فائونڈیشن کے زیر اہتمام محفلِ ذکرِ شہدائے کربلا کا روح پرور انعقاد کیا گیا، جس میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور عاشقانِ اہلِ بیت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے مولانا پیر محمد عطا المصطفیٰ رضوی، کاشف رضا نوری، قاری قدرت اللہ نعیمی، سید وقاص شاہ اور محمد افضل یعقوب نے حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک ایسا فیصلہ کن معرکہ تھا جس نے رہتی دنیا تک ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے ہر قربانی پیش کرنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امت مسلمہ کو صبر، استقامت، ایثار اور حق گوئی کا وہ پیغام دیا جو قیامت تک مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ شہدائے کربلا کی قربانیاں امت کو اتحاد، اخوت اور دین پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کرتی ہیں۔مقررین نے کہا کہ آج کے دور میں نوجوان نسل کو سیرتِ امام حسین سے روشناس کرانے اور انہیں کردارِ حسینی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں عدل، انصاف، محبت، برداشت اور دینی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام صرف غم منانے کا نہیں بلکہ حضرت امام حسین کے پیغامِ حق، صبر اور استقامت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کا مہینہ ہے۔محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکامِ پاکستان، اتحادِ امت مسلمہ، شہدائے اسلام کے بلند درجات اور فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی کامیابی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں