ڈپٹی کمشنر ٹوبہ کا جنرل بس اسٹینڈ کا تفصیلی دورہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں اور مسافروں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے جنرل بس اسٹینڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے بس اسٹینڈ پر صفائی، سیکیورٹی، ویٹنگ ایریاز، پینے کے صاف پانی، واش رومز، پارکنگ اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر ویٹنگ ایریا میں موجود مسافروں سے ملیں، ان سے دستیاب سہولیات، صفائی کی صورتحا ل اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے تاثرات و تجاویز توجہ سے سنیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر، محفوظ اور باوقار سفری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ بس اسٹینڈ پر صاف پانی، واش رومز، ویٹنگ ایریاز اور صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ مسافروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، کرایہ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کریں اور مقررہ کرایوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے، بنیادی سہولیات کی مسلسل فراہمی اور جنرل بس اسٹینڈ کے انتظامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں