لاہور (سپورٹس نیوز) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے پاکستان کے مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری اور نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکسن موبل گلوبل سپر لیگ 2026کے لیے اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر صلاحیتیں دکھانے کے مواقع مل سکیں۔ٹیم کی گیانا روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے پاکستان کرکٹ کو نئے اسٹارز ملیں گے۔ گیانا کے نیشنل اسٹیڈیم میں 23 جولائی سے یکم اگست تک شیڈول ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کی قیادت نیوزی لینڈ کے تجربہ کار آل راونڈر مائیکل بریسویل کریں گے۔عاطف رانا نے ہیڈ کوچ شان ٹیٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا تجربہ پاکستان کے پیس اٹیک کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا نے مائیکل بریسویل کی بطور کپتان تقرری کو اسٹریٹجک فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بریسویل کی قیادت نوجوان اسکواڈ کے لیے انتہائی سودمند رہے گی۔لاہور قلندرز کی ٹیم ٹورنامنٹ کا آغاز 23 جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف کرے گی، جس کے بعد اس کے میچز بالترتیب ڈیزرٹ وائپرز (24 جولائی)، گیانا ایمیزون واریئرز (26 جولائی) اور سان فرانسسکو یونیکورنز (29 جولائی) سے ہوں گے۔




