فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور نے وفد کے ہمراہ پشاور ڈویژن کا تنظیمی دورہ کیا۔ وفد میں چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، ڈپٹی چیف آرگنائزر جنید خرم اور محمد اکرم کندی شامل تھے۔پشاور ریلوے اسٹیشن پر سینکڑوں ریلوے مزدوروں نے وفد کا پرجوش اور والہانہ استقبال کرتے ہوئے پریم یونین پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔دورے کے دوران پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور نے وفد اور پشاور ڈویژن کی قیادت کے ہمراہ ڈی ایس پشاور عمران حیات خان اور دیگر ڈویژنل افسران سے ملاقات کی، جس میں ریلوے ملازمین کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈی ایس پشاور عمران حیات خان نے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے مثبت اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔بعد ازاں پشاور ڈویژن کے پریم یونین کے ڈویژنل ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژنل صدر محمد انور خان، مہر علی ہوتی، ارشد خان، خالد محمود، محمد اشرف ہوتی، فضل اکبر،نادر شاہ،محمداقبال،ذیشا ن اللہ،آصف اللہ،نورمحمد،شکیل خان،مہتاب کندی اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژن کی تنظیمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور باہمی اتفاقِ رائے سے مستقبل کی حکمت عملی طے کی گئی۔اسٹیشن پر استقبالی اجتماع اور تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد انور اور خالد محمود چوہدری نے کہا کہ ریلوے مزدوروں کو ہر قسم کی وابستگیوں اور تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے منظم اور متحد ہو کر پریم یونین کے پلیٹ فارم سے اپنے مسائل کے حل کے لیے میدانِ عمل میں آنے پر یکسو ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پریم یونین اپنے محنت کشوں کو تنہا نہیں ہونے دے گی، آپ کا حق آپ کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔ ہم ریلوے ملازمین کے جائز حقوق کے لیے ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ آپ کے مسائل کا حل ہی ہماری اصل منزل ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے، چیئرمین ریلوے اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز سے مطالبہ کیا کہ لوکو رننگ اسٹاف، گینگ مین اسٹاف اور ریلوے شیڈز کے مکینیکل اسٹاف کی اپ گریڈیشن سے متعلق عدالتی اور محکمانہ فیصلوں پر جلد از جلد مثبت انداز میں عمل درآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔انہوں نے ریلوے میں بھرتیوں کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نئی بھرتیوں سے قبل ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کیا جائے اور انہیں ہفتہ وار ریسٹ بھی دیا جائے تاکہ طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے ملازمین کے ساتھ انصاف یقینی بنایا جا سکے۔شیخ محمدانورنے بھلے شاہ ایکسپریس کی بحالی پر وزیرریلوے محمدحنیف عباسی کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ فریٹ سیکٹر کی کامیابی کے بعد اب مسافرٹرینوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے وزیرریلوے،چیئرمین ریلوے اور سی ای او ریلوے سے بند ٹرینوں کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔




