ساہیوال ( بیورو چیف) فرید ٹاؤن ایل بلاک میں کھلے مین ہولز: وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی، معصوم بچوں کی زندگیاں خطرے میںفرید ٹاؤن ایل بلاک میں کھلے مین ہولز نے شہریوں خصوصاً معصوم بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ متعدد مین ہولز عرصہ دراز سے کھلے پڑے ہیں، مگر متعلقہ ادارے اور افسران مبینہ طور پر سنگین غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل اور شہریوں کے تحفظ کے واضح احکامات کے باوجود فرید ٹاؤن ایل بلاک کے کھلے مین ہولز تاحال بند نہیں کیے گئے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ افسران اعلیٰ حکام کے احکامات پر عملدرآمد کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔شہریوں کے مطابق لاکھوں، بلکہ کروڑوں روپے کے سیوریج اور ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز کے باوجود اگر معصوم بچوں کی جانیں کھلے مین ہولز کے باعث خطرے میں ہوں تو یہ نہ صرف انتظامی نااہلی بلکہ عوامی وسائل کے استعمال اور نگرانی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ساہیوال اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فرید ٹاؤن ایل بلاک کے تمام کھلے مین ہولز کو فوری طور پر بند کیا جائے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔شہریوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ ایم ڈی واسا تنویر سندھو سمیت متعلقہ ذمہ دار افسران کے خلاف شفاف اور غیرجانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اور اگر غفلت، اختیارات کے ناجائز استعمال یا سرکاری احکامات کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ دار افسر کے خلاف قانون کے مطابق سخت محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کسی بڑے حادثے یا معصوم بچے کی جان ضائع ہونے کا انتظار کرنے کے بجائے انتظامیہ فوری کارروائی کرے، کیونکہ کھلے مین ہولز کسی بھی وقت ایک بڑے سانحے کا سبب بن سکتے ہیں۔




