فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈو یلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کی ڈو یلپمنٹ اینڈ فنانس کمیٹی نے مالی سال 2026-27 کے سالانہ بجٹ کی تجاویز اور مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ کی تفصیلات کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ یہ منظوری کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی جو ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت ایف ڈی اے کمپلیکس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے مالی سال 2026-27کے مجوزہ بجٹ، متوقع آمدن، ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات، ریونیو کے ذرائع، مالی نظم و ضبط اور آئندہ سال کے ترقیاتی اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب، سیکرٹری ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پنجاب، سیکرٹری فنانس پنجاب کے نمائندہ افسران، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے نمائندہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) مدثر ممتاز، منیجنگ ڈائریکٹر واسا کے نمائندہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شعیب رشید، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، قیصر جاوید، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس عدنان شہزاد، افضال انصاری سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کے مجوزہ تخمینوں، ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی، متوقع ریونیو، نئے ترقیاتی منصوبوں، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، عوامی خدمات کے معیار میں اضافے، ادارہ جاتی اصلاحات، مختلف شعبوں کے اخراجات اور فنڈز کی تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے مقابلے میں آمدن اور اخراجات کی صورتحال، بجٹ اہداف کے حصول اور مالی نظم و نسق کا بھی تقابلی تجزیہ پیش کیا گیا۔ شرکاء نے بعض نکات پر وضاحت طلب کی جس کے بعد مجوزہ بجٹ تجاویز کی متفقہ طور پر توثیق کر دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف محکموں کے افسران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ متوازن، حقیقت پسندانہ اور ریونیو پر مبنی حکمت عملی کے تحت مرتب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں مناسب کمی، آمدن کے نئے ذرائع کی نشاندہی، وسائل کے موثر استعمال اور مالیاتی نظم و ضبط کو بجٹ کی بنیادی ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن اور عوام دوست پالیسیوں کے مطابق ایف ڈی اے شہریوں کو جدید، معیاری اور شفاف شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید موثر بنائے گا۔ بجٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، نئی سکیموں کے آغاز، بنیادی شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، ڈیجیٹل گورننس، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مناسب مالی وسائل مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی مالی خودمختاری اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ریونیو میں اضافے، واجبات کی موثر وصولی، مالی شفافیت اور احتساب کے نظام کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دستیاب وسائل کو عوامی مفاد میں بروئے کار لاتے ہوئے ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جن سے شہریوں کو براہ راست اور دیرپا فوائد حاصل ہوں، جبکہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل، اعلی معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس کمیٹی نے مالی سال 2026-27 کے مجوزہ بجٹ اور مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ بجٹ کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے اسے قواعد و ضوابط کے تحت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں پیش کرنے کی سفارش بھی کر دی۔




