ساہیوال (بیوروچیف) مین بازار اور اندرون شہر میں تجاوزات، رکشوں اور ریڑھیوں کی بھر مار نے شہریوں کیلئیشدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ خریدار ی کیلئے آنیوالے مقامی افراد، خوا تین ،بزرگ شہری اور پیدل چلنے والوں کو بازاروں سے گزرنے میں دشواری کا سامنا ہے، جبکہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نئی قائم کی گئی پیرا فورس کے باوجود بازاروں میں غیر قانونی پارکنگ، رکشوں اور ریڑھیوں کی بے ہنگم موجودگی پر قابو نہیں پایا جا سکا، جس سے فورس کی کارکردگی پر بھی سوالات سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث اندرون شہر رکشوں اور ریڑھیوں کے داخلے پر مؤثر پابندی نظر نہیں آتی، جس کے نتیجے میں روزانہ ٹریفک جام اور معمولی باتوں پر لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ شہریوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی ریڑھی بان یا رکشہ ڈرائیور کو راستہ دینے یا گاڑی ہٹانے کا کہا جائے تو بعض افراد بد تمیزی اور تلخ کلامی پر اتر آتے ہیں، جس سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے، شہریوں، تاجروں اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر غیر قانونی اڈوں اور تجاوزات کے خلاف فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے بازاروں میں ٹریفک کی روانی روانی بحال کی جائے تا کہ عوام کو آمد ورفت اور خریداری میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔




