فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ممبر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں محمد طاہر جمیل نے کہا ہے کہ حکومت مسئلہ مقبوضہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اقوام متحدہ کی مسئلہ کشمیر کے معاملہ میں خاموشی ناقابل فہم ہے کشمیر پاکستا ن کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کشمیر ی عوا م کے شانہ بشانہ ہے مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائینگی بھارت کو مظالم کا سلسلہ بند کرنا ہوگا پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے،کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا۔انہوںنے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے،کشمیری عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دلانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان ان کی جائز جدوجہد کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ ا ن کا کہنا تھا کہ یومِ الحاقِ پاکستان ہمیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے عزم کو مضبوط بنانے کا پیغام دیتا ہے۔




