فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پٹرو لیم مصنوعات میں قیمتوں میں اضافہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو جائیگی۔ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ذریعے روزانہ ذبح کر نیکی حکومتی پا لیسی انتہائی افسوسناک ہے۔ پاکستا ن فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتا ب عظیم بخاری نے ملک میں بڑھتی ہو ئی مہنگائی، بدامنی، کرپشن، بدانتظامی، جلائو گھیرائو کے واقعا ت ، بیروزگاری اور عوامی مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موجودہ حکومت پر سخت تنقید کی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت عوام کا اعتماد مکمل طور پر کھو چکی ہے۔ ہر شعبہ زوال کا شکار نظر آتا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، جبکہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اس کی معاشی و انتظامی پالیسیاں ملک کو مزید بحران کی طرف دھکیل رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، سیاسی کشیدگی، جلا ئوگھیرا اور قانون کی کمزور عملداری نے عوام میں شدید بے یقینی پیدا کر دی ہے۔ سرمایہ کار عدم تحفظ کا شکار ہیں، نوجوان بے روزگاری سے پریشان ہیں اور غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے۔




