جڑانوالہ(نامہ نگار) صدر بار ایسوسی ایشن جڑانوالہ رائے محمد قذا فی خاں کھرل ایڈوو کیٹ ہائیکور ٹ نے کہا ہے کہ وکلا برادری کو در پیش مسا ئل کے حل اور ”کالے کوٹ” کے تقدس کی بحالی کیلئے موثر و فعال کردار ادا کیا جائیگا۔ نوجوان وکلا کیلئے چیمبرز کا قیام ان کی اولین ترجیحا ت میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑانوالہ کی سماجی و قانو نی شخصیات ٹاون ڈوپلپر رانا محمد ناصرخاں،رانا اویس خاں ایڈووکیٹ ہائی کورٹ، رائے ارسلان کھرل ایڈوکیٹ،رانا اجمل خاں اور رانا شفقت خاں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر بار نے مزید کہا کہ جڑانوالہ کو ضلع بنانے کیلئے تحریک کا جلد آغاز کیا جائے گا جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد سے مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بنچ اور بار کے درمیان بہتر تعلقات سے شہریوں کو سستا اور معیاری انصاف فراہم کرنا ممکن ہو سکے گا۔رائے محمد قذافی خاں کھرل نے کہا کہ جڑانوالہ بار ایسوسی ایشن نے جو محبتیں ہمیں دی ہیں میں اس کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ پنجاب بار کونسل اور پاکستان بار کونسل کے ممبران بھی جڑانوالہ بار کی بہتری کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔انہوں نے نوجوان وکلا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے جس طرح محنت کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ آخر میں صدر بار نے کہا انشااللہ تمام دوست احباب کی مشاورت سے بار اور جڑانوالہ کے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔




