ایف ڈی اے نے گزشتہ مالی سال کے دوران74کروڑ کا ریونیو حاصل کیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے گزشتہ مالی سال کے دوران مختلف شعبوں سے مجموعی طور پر 74کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو وصول کیا۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی، جس میں گزشتہ مالی سال کے دوران ریونیو وصولی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور رواں مالی سال کے ریونیو اہداف کے حصول کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے مختلف مدات میں وصول کیے گئے ریونیو کے اعداد و شمار، ذرائع آمدن میں اضافے کے امکانات اور آئندہ مالی سال کے لیے مجوزہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، قیصر جاوید، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عدنان شہزاد، افضال انصاری، بلال احمد اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران غیر قانونی تعمیرات پر عائد جرمانوں کی مد میں 25کروڑ 42لاکھ روپے، پلاٹس ٹرانسفر کے واجبات’ 8کروڑ 23لاکھ روپے، تعمیر مدت میں توسیع کے چارجز کی مد میں 9کروڑ روپے، نقشہ جات کی منظوری کی فیس کی مد میں 9کروڑ 45لاکھ روپے، لینڈ کنورژن فیس کی مد میں 5کروڑ 81لاکھ روپے، کمرشل چارجز کی مد میں 6کروڑ روپے، پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کی جی آئی ایس سکرونٹی واجبات کی مد میں 2کروڑ 13لاکھ روپے، متفرق واجبات کی مد میں 6کروڑ 43لاکھ روپے، اونرشپ سرٹیفکیٹس کے اجرا کی فیس کی مد میں 86لاکھ روپے جبکہ ٹائون پلاننگ رپورٹس کے اجرا کی فیس کی مد میں 67 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ذرائع آمدن میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ رواں مالی سال میں ریونیو اہداف کے حصول کے لیے موثر، قابلِ عمل اور نتیجہ خیز حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے مالی استحکام اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے نئے بزنس ماڈلز متعارف کرانے، ریونیو کے نئے ذرائع تلاش کرنے اور موجودہ وسائل سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ شعبے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں، ریونیو وصولی کے عمل میں شفافیت، تیز رفتاری اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور نادہندگان سے واجبات کی وصولی کے لیے قانون کے مطابق بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریونیو سے متعلق تمام امور کی ماہانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ اہداف کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ مالی خود کفالت کسی بھی ادارے کی مضبوطی کی بنیاد ہوتی ہے، لہذا ایف ڈی اے کو ایک جدید، فعال اور خود انحصار ادارہ بنانے کے لیے تمام افسران اور متعلقہ شعبے ٹیم ورک کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہتر مالی نظم و نسق، جدید اصلاحات اور موثر ریونیو مینجمنٹ کے ذریعے ایف ڈی اے کی ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے گی اور شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں