فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی کی خصوصی ہدایا ت پر تیز بارش کے دوران بھی ستھرا پنجاب ایجنسی کا صفائی اور نکاسی آب کا آپریشن بلا تعطل جاری رہا ۔ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام فیلڈ افسران، سینیٹری ورکرز اور مشینری کو ہائی الر ٹ رکھا گیا، جبکہ مختلف شاہراہوں، بازاروں، چوراہوں اور نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر صفائی آپریشن جاری رہے۔ شدید بارش کے دوران ستھرا پنجاب کے ورکرز نکاسی آب کے کاموں میں پیش پیش رہے۔ عملے نے مختلف مقامات پر ڈرین ہولز اور نالوں کی صفائی کرتے ہوئے پانی کے بہائو کو بحال کیا، جبکہ خصوصی مشینری کے ذریعے جمع شدہ پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی آمد و رفت متاثر نہ ہو۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین بھٹی نے کہا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور جہاں کہیں بھی صفائی یا نکاسی آب کا مسئلہ پیش آئے تو اسے حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب ایجنسی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور شہریوں کو بہتر، صاف اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔




