نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے

سرگودھا (بیوروچیف)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تفصیلی دورہ کیا اور باقاعدہ افتتاح سے قبل ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، جدید طبی سہولیات، آپریشن تھیٹرز، آئی سی یو، کیتھ لیب، ایمرجنسی، وارڈز، تشخیصی یونٹس اور دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ہسپتال میں نصب جدید طبی آلات، صفائی ستھرائی، مریضوں کی سہولیات، سکیورٹی، طبی عملے کی تیاری اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں ہسپتال میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں حسین احمد رضا چوہدری ڈپٹی کمشنر سرگودھا، توقیر محمد نعیم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈین میجر جنرل خرم شہزاد، پراجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈیر محمد آصف چیمہ اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈین میجر جنرل خرم شہزاد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈیر محمد آصف چیمہ نے ہسپتال کی مجموعی تیاری، جدید طبی سہولیات، ہیومن ریسورس، طبی آلات کی تنصیب، سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور افتتاحی تقریب کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو ہر لحاظ سے مکمل طور پر فعال اور عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے تاکہ افتتاح کے پہلے روز سے ہی عوام کو معیاری اور جدید امراضِ قلب کے علاج کی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا خطے کے عوام کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخی اور انقلابی صحت منصوبہ ہے۔ ادارے کے فعال ہونے سے سرگودھا ڈویژن اور گردونواح کے لاکھوں شہریوں کو جدید اور معیاری امراضِ قلب کی تشخیصی و علاج معالجے کی سہولیات اپنے علاقے میں میسر آئیں گی، جس سے بڑے شہروں پر علاج کے لیے انحصار میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ افتتاحی تقریب سے قبل تمام انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل، مربوط اور اعلیٰ معیار کے مطابق یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں