فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پرچنیوٹ دریائے چناب میں درمیانے درجہ کی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈویژنل انتظامیہ کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ چنیوٹ اور معاون ادارے میدان عمل میں ہیں۔کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے گزشتہ را ت گئے موضع ساہمل اور اڈا جامعہ آباد کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنرچنیوٹ عائشہ رضوان،اسسٹنٹ کمشنر شینا اعظم و دیگرافسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے موضع ساہمل تحصیل بھوآنہ میں سیلابی صورتحال کے دوران امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی جبکہ اڈا جامعہ آباد کے گورنمنٹ کالج میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر نے اڑھائی لاکھ سے زائد کیوسک کے سیلابی ریلہ کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ کے پیشگی حفاظتی و امدادی سرگرمیوں کے اقدامات کو سراہا اورریلیف کیمپ میں ریسکیو 1122،ہیلتھ،لائیوسٹاک،زراعت ودیگر محکموں کے سٹاف کی ضروری مشینری وسازو سامان کے ہمراہ دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ضلعی انتظامیہ چنیوٹ نے سیلابی علاقوں سے اب تک 4338، افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا،3500 سے زائد جانوروں کا انخلا کرایا گیا۔ضلع میں 3 ریلیف اور6 ریسکیو کیمپس مکمل فعال ہیں۔کمشنر نے موضع ساہمل پر دریائی کٹا کے پیش نظر محکمہ انہار کو حفاظتی اسٹڈز نصب کرانے کے لئے جامع سٹڈی کرنے کی ہدایت کی تاکہ آئندہ ممکنہ سیلابی ریلہ سے آبادی کو محفوظ رکھنے کے لئے اسٹڈ نصب کرنے کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں عوام الناس کے جان ومال کے تحفظ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ دریائی علاقوں میں ڈرون سرویلنس کرائی جائے تاکہ ممکنہ طور پر اگر کسی کوئی افراد یا جانور دریا کے پاٹ میں موجود ہوں تو ان کا بروقت انخلا ہوسکے۔انہوں نے ضلعی وتحصیل انتظامیہ ریسکیو1122،ستھرا پنجاب ایجنسی ودیگر محکموں کے افسران کو شاباش دی۔




