اپنی اننگز کو مرحلہ وار آگے بڑھانے کی کوشش کرتی ہوں’ سدرا امین

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی بلے باز سدرا امین نے کہا ہے کہ ایشیائی وکٹیں عموما سست ہوتی ہیں، تاہم اس میچ کی پچ نسبتا بہتر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سری لنکن بائولرز نے ابتدا میں تیز گیندوں سے بائولنگ کی لیکن بعد میں انہوں نے سست گیندوں کی حکمت عملی اپنائی، جس سے بیٹنگ میں کچھ مشکلات پیش آئیں، تاہم اچھی بات یہ رہی کہ پاکستانی بلے بازوں کے درمیان شراکتیں بنتی رہیں۔سدرا امین نے کہا کہ مسلسل رنز بننے کی وجہ سے ٹیم ایک اچھا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹنگ کے دوران تمام کھلاڑیوں کی یہی کوشش تھی کہ رنز کا بہائو نہ رکے اور جہاں بھی موقع ملے وہاں بائونڈری حاصل کرکے اسکور بورڈ کو متحرک رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی اننگز کو مرحلہ وار آگے بڑھانے کی کوشش کرتی ہیں اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بھی یہی پیغام ہوتا ہے کہ وہ زیادہ دیر وکٹ پر رہیں تاکہ دیگر بلے باز اعتماد کے ساتھ کھیل سکیں۔انہوں نے کہاکہ ایک بلے باز کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ طویل اننگز کھیل کر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں۔سدرا امین نے عائشہ ظفر کی بیٹنگ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین انداز میں کھیل رہی تھیں اور گیند ان کے بلے پر اچھی طرح آ رہی تھی، اسی لیے انہوں نے سنگلز لے کر زیادہ سے زیادہ اسٹرائیک عائشہ ظفر کو دینے کی کوشش کی۔بائولنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے آف سائیڈ پر نسبتا زیادہ بائولنگ کی گئی، تاہم اگلے میچ میں ٹیم پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق بائولنگ کرنے کی کوشش کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں