جڑانوالہ(نامہ نگار)جڑانوالہ تھانہ صدر کی حدود میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک ساتھی فرار ہو گئے، تفصیلا ت کے مطابق انچارج سی سی ڈی عدیل شوکت نے پولیس نفری کے ہمراہ بچیانہ روڈ پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا مگر انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی جان لیوا فائرنگ شروع کر دی اور چک نمبر 235 گ ب کی جانب فرار ہو گئے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہو گئے پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی شناخت وکیل حسن ولد ذوالفقار علی ساکن پرانا وسیراں چک نمبر 629 گ ب کے نام سے ہوئی ہے پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالا ڈاکو ڈکیتی راہزنی جیسے سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالے ڈاکو کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں پولیس نے ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ہے پولیس تھانہ صدر نے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر مبینہ پولیس مقابلوں میں 3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد یوسف شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سدھوپورہ میں منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک منشیات فروش حافظ شاہد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر دم توڑ گیا جبکہ ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، مرنے والے منشیات فروش کے قبضہ سے 2 کلو چرس بھی برآمد ہوئی۔ ایس ایچ او مدینہ ٹائون عدیل اکرم چیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 214 رب میں بابا فرید روڈ کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور اضافی آبادی کی طرف فرار ہو گئے، پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام یاسر علی ولد مقصود سکنہ 208 رب بتایا جو کہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ تیسرامبینہ مقابلہ سرگودھا روڈ کے علاقہ گلستان کالونی کے بلاک قبرستان کے قریب ہوا جہاں پر بھی ایس ایچ او رضوان جاوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کرنے پر ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام محمد یونس عرف چوچی ولد غلام محمد سکنہ مائی دی جھگی ہجویری ٹائون بتایا جو کہ ریکارڈیافتہ اور 19مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ چوتھامقابلہ تھانہ سٹی سمندری میں ہوا جہاں پر سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلہ میں ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں مطلوب ڈاکو عاطف زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




