فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام پر کل بروز منگل بازار کھلیں گے اور روٹین کی مطابق کاروبار ہو گا’ ابھی تک انتظامیہ کی طرف سے دکانیں بند رکھنے کا کوئی پیغام نہیں آیا اگر انتظامیہ نے ہمارے ساتھ کوئی رابطہ کیا اور دکانیں بند رکھنے کیلئے کہا پھر ہم اپنے تاجر بھائیوں کو آگاہ کر دیں گے’ ان خیالات کلاتھ بورڈ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے صدر سلطان بٹ’ جنرل سیکرٹری شیخ محمد فیصل’ چیئرمین شیخ محمود یوسف نے کیا’ انہوں نے کہا کہ اگر جلوسوں کی وجہ سے دکانیں بند کرنا بھی پڑیں تو جلوس شام اور رات کو ہوتے ہیں’ ہماری انتظامیہ سے اپیل ہے کہ کاروبار پہلے ہی تباہ ہو چکے ہیں’ تاجر بھائیوں پریشان ہیں انہیں مزید پریشان نہ کیا جائے اور انہیں کاروبار کرنے دیا جائے اور سکیورٹی کے مسائل ہیں تو انتظامیہ ہمارے ساتھ بیٹھے اس کا بہترین حل نکال لیا جائے گا’ انہوں نے کہا کہ کاروباری حالات اس قدر ناگفتہ بہ ہیں کہ ہمارے پاس دکانوں کا کرایہ ادا کرنے اور دکانوں پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے پیسے نہیں ہیں’ اگر ایک دن بھی دکانیں بند رہتی ہیں تو اخراجات برداشت کرنا مشکل ہو جاتے ہیں’ لہٰذا انتظامیہ بھی ہمارے ساتھ تعاون کرے اور بازار بند کروانے کی بجائے مخصوص ٹائم کیلئے دکانیں بند کروائے اور باقی سارا دن کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دے’ مقررین نے شہر کی دیگر تاجر تنظیموں کے منتخب عہدیداروں سے بھی کہا کہ آپ بھی روٹین کے مطابق اپنا کاروبار کریں اور دکانیں کھولیں۔




