فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم نے ضلع بھر کے تمام سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے سربراہان کو یوم آزادی 2026انتہائی جوش و خروش، حب الوطنی اور قومی جذبے کے ساتھ منانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔جاری مراسلے کے مطابق تمام تعلیمی ادارو ں میں باوقار پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں اساتذہ، طلبہ، سکول کونسلز اور مقامی کمیونٹی کی شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ قائداعظم محمد علی جناح کی قیام پاکستان کے لیے خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے تقاریر، مضمون نویسی، کوئز، پریزنٹیشنز اور دیگر علمی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ تمام سکولوں کو خصوصی شجرکاری مہم چلانے، قومی پرچم کی نمایاں نمائش، عمارتوں کی مناسب سجاوٹ اور جہاں ممکن ہو روشنی کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ قومی پرچم کے احترام اور وقار کو ہر صورت برقرار رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق ملی نغموں، مباحثوں، ٹیبلو، ثقافتی پروگراموں اور دیگر صحت مند ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور آزادی کی قدر کا شعور اجاگر ہو۔ سکولوں کو صفائی، نظم و ضبط اور محفوظ ماحول کے ساتھ قومی رنگوں سے سجانے کی بھی ہدایت کی گئی’ تمام اداروں کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ یوم آزادی کی تمام سرگرمیوں کی معیاری تصاویر اسی روز متعلقہ مراکز کے واٹس ایپ گروپس میں ریکارڈ اور دستاویزی مقاصد کے لیے اپ لوڈ کریں۔تقریبات پاکستان کے نظریاتی تشخص، قومی اقدار، شہدا اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرنے کا ذریعہ بنیں۔




