لاہور(بیورو چیف)پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں کوکین کی ترسیل ناکام بنا دی۔ فتح جنگ،ترنول انٹرچینج پر مشکوک کار کی تلاشی کے دوران 108کوکین کیپسول برآمد کر کے ملزم شاہد اللہ خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان پنجاب کانٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق کارروائی کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونیوالی گاڑی اور کوکین قبضے میں لے لی گئی۔ برآمد شدہ کوکین کی مالیت کا تخمینہ 4کروڑ32 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے مبینہ طور پر سعودی عرب میں بھی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہو نیکا انکشاف ہوا ہے۔ ترجمان پنجاب کانٹر نارکوٹکس فورس کہ مطابق منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف دائرہ مزید تنگ کیا جا رہا ہے اور منشیات کی اسمگلنگ کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر موثر اقدامات جاری رکھیں گے۔ترجمان نے کہا کہ منشیات کا خاتمہ صرف حکومتی اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ عوام بھی منشیات کے کاروبار کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔




