فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں قائم سول ویٹرنری ہسپتالو ں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال 242رب دسوہا،248رب دالووال اور 253 رب جہانگیر کلاں کا دورہ کرکے ہسپتالوں میں جانوروں کے علاج معالجے کی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، فیلڈ میں عملے کی کارکردگی، سرکاری ریکارڈ اور صفائی ستھرائی سمیت مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتالوں میں موجود ادویات اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور عملے کی جانب سے مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو بروقت اور معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں عملے کی موثر کارکردگی، ادویات کی بروقت دستیابی اور جانوروں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے متعلقہ افسران و عملے کو اپنے فرائض ذمہ داری اور محنت سے سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مویشی پال کسانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی محکمہ لائیوسٹاک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔




