فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)ملائیشیا کیلئے پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تجارتی وفد اس سال اکتوبر میں ملائیشیا کا دورہ کرے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے ملائیشیا کے دورے کے دوران کوالالمپور میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر کے علاوہ کمرشل قونصلر محترمہ طاہرہ جاوید بھی موجود تھیں۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات اور پاکستانی برآمدات بڑھانے کے علاوہ سنگل کنٹری ایگزی بیشن کیلئے دونوں ملکوں کے کاروباری افراد کے درمیان بی ٹو بی میٹنگز کا اہتمام کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ فیصل آباد چیمبر کے وفد نے دو طرفہ تجارت بڑھانے اور پاکستانی برآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کیلئے کمرشل قونصلر محترمہ طاہرہ جاوید کی خدمات کو بھی سراہا۔ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا کہ اکتوبر کے مہینے میں فیصل آباد چیمبر کا ایک تجارتی وفد ملائیشیا کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کے درمیان براہ راست رابطوں کو بڑھا کے برآمدات بڑھانے کے مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر بزنس کمیونٹی کیلئے عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے کوشاں ہے تاکہ پاکستانی برآمد ی اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے علاوہ ملائیشیا سے زیادہ سے زیادہ ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری بھی حاصل کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔ بعد میں صدر فاروق یوسف شیخ نے پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ کو فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی خصوصی شیلڈ بھی پیش کی۔




