پشاور (بیورو چیف)پشاور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب ڈکیت گینگ کے 4کارندے ہلاک کردیے گئے جبکہ 2 ملزما ن فرار ہوگئے۔پشاور پولیس نے تھانا یکہ توت کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے 3صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو مطلوب انتہائی خطرناک جرائم پیشہ گینگ کے 4 ارکان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا جبکہ 2 فرار ہوگئے۔ سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ہلاک ملزمان پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، گاڑیاں چھیننے اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ملزمان خود کو سکیورٹی اہلکار ظاہر کرکے گھروں میں ڈکیتیاں کرتے تھے، جبکہ گینگ کے کئی کارندے مختلف مقدمات میں نامزد اور گرفتار بھی ہوچکے تھے۔پولیس کے مطابق گینگ نے ڈی ایچ اے کراچی میں تقریبا 8 کروڑ روپے، راجہ بازار راولپنڈی میں 10 کروڑ روپے اور دیر میں 5 کروڑ روپے کی مبینہ ڈکیتی کی تھی۔ سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ ملزمان نے سوات میں تقریبا 8 کروڑ روپے، حیات آباد میں 80 لاکھ روپے اور چمکنی میں تقریبا 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی بھی کی تھی۔پولیس کے مطابق ملزمان جھنگ میں ایم پی اے خالد سرگانہ کے گھر مبینہ ڈکیتی کی تھی، سندھ اسمبلی کے ایک رکن کے گھر سے 168 تولے سونا بھی لیگئے تھے جبکہ ملزمان نے اعلی سرکاری شخصیت کے صاحبزادے سے تقریبا 6 کروڑ روپے کا مبینہ فراڈ بھی کیا تھا۔




