تاندلیانوالہ میں کھرل برادری کے 2گروپوں میں تصادم

تاندلیانوالہ (نامہ نگار) تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کی حدود چک نمبر 416گ ب میں معمولی لین دین کے تنازع پر کھرل برادری کے دو گروپوں کے درمیان مبینہ طور پر تصادم ہوگیا، جس کے دوران ایک خاتون پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں نسرین بی بی شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں تشویشناک حالت میں ابتدائی طبی امداد کے بعد فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق چک نمبر 416 گ ب میں معمولی لین دین کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازع کے دوران زبیر کھرل اور اس کے بیٹے عمیر ولد زبیر نے مبینہ طور پر نسرین بی بی کے گھر میں داخل ہو کر سیدھی فائرنگ کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران عمیر کی جانب سے کیا گیا مبینہ فائر نسرین بی بی کو ناف کے نیچے لگا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئیں اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔زخمی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے پیشِ نظر انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کے حوالے سے شواہد و معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دیں۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی اصل وجوہات، تنازع کی نوعیت اور دیگر حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں