فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر ادارے میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید شفاف و موثر بنانے کے لیے سخت ترین مانیٹرنگ جاری ہے اس مقصد کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شعبہ فنانس، آئی ٹی اور ریکوری سے متعلق افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایف ڈی اے کی آمدن و اخراجات، مختلف مدات میں ریونیو کی وصولیوں، واجبات کی ریکوری اور مالی معاملات سے متعلق ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت مختلف واجبات کی وصولیوں، ادائیگیوں اور اندراجات کے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مالی امور میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ ریکارڈ ہر لحاظ سے اپ ڈیٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالی معاملات میں کسی قسم کی غفلت، غیر ضروری تاخیر یا ریکارڈ میں ابہام قابل قبول نہیں ہوگا۔ قیصر عباس رند نے کہا کہ ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے تاکہ مالی معاملات کی موثر نگرانی، بروقت ریکارڈنگ اور واجبات کی وصولی کے عمل میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریکوری کے اہداف کے حصول کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیں اور بقایا جات کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سے مختلف سروسز کے حصول کے لیے درخواست گزاروں کو آن لائن ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں مکمل رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچایا جا سکے۔




