کمشنر سرگودھا کی زیر صدارت واسا سرگرمیوں کا جائزہ اجلاس

سرگودھا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت واسا کے پی ڈی پی منصوبے، جاری ترقیاتی کاموں اور آپریشنل سرگرمیوں، بالخصوص مین ہول کورز کی تنصیب و مرمت، کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس، ایم ڈی واسا، ڈپٹی ایم ڈی واسا،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں واسا پی ڈی پی منصوبے پر جاری کام کی رفتار، مختلف ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہریوں کو درپیش سیوریج سے متعلق مسائل کے ازالے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ واسا کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کام کے معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شہر میں کھلے، ٹوٹے یا خراب مین ہولز کی نشاندہی کرکے ان پر معیاری کورز کی فوری تنصیب اور مرمت کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ واسا کی آپریشنل سرگرمیوں میں بہتری، مؤثر نکاسی آب اور شہری سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہ کر مسائل کی بروقت نشاندہی اور فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔کمشنر نے پی ڈی پی منصوبے سمیت واسا کے تمام ترقیاتی و آپریشنل امور پر پیش رفت کی باقاعدہ مانیٹرنگ اور مقررہ اہداف کے مطابق کام مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں