راولپنڈی( بیورو چیف)سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں 21ستمبر سے اب تک کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 33بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج اور دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن شبان کے دوران مزید پانچ بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک، مجموعی تعداد 22ہوگئی، آپریشن شبان میں خوارج کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن شبان کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل خطرہ ختم ہونے تک جاری رہے گا۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی گئیں کارروائیوں کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر موثر کارروائی کی جہاں 11دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس دوران 11دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بلوچستان میں 21ستمبر سے کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ 33خوارج اور دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔




