کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ علینہ خان کا کہنا ہے کہ شادی کے لیے وقت یا عمر کی قید کے بجائے اچھے انسان کا ملنا زیادہ اہم ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں اداکارہ علینہ خان نے شرکت کی اور اس دوران شوبز اور شادی کے پلان سے متعلق اظہار خیال کیا۔علینہ خان نے کہا کہ لوگوں نے مجھ سے کہا کہ وہ میرے کردار سے نفرت کر رہے ہیں لیکن ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ اس کا مطلب ہے کہ میں بہت اچھا کام کر رہی ہوں، مگر ہم ناز (میرے کردار) کو برداشت نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ منفی کردار ادا کرنے پر مجھے ایک مختلف قسم کا ردعمل ملا۔ ایسے پیغامات موصول ہوئے جن میں لوگوں نے نازیبا زبان استعمال کی۔ انہوں نے نفرت بھرے پیغامات بھیجے اور مجھ سے پوچھا کہ میں کیا کر رہی ہوں یا میں کچھ غلط کر رہی ہوں، مجھے بہت سے منفی تبصرے مل رہے ہیں۔علینہ کا کہنا تھا کہ لوگ کردار میں اس قدر مگن ہو جاتے ہیں کہ ان کے لیے حقیقت اور ڈرامے کا فرق دھندلا جاتا ہے، وہ بھول جاتے ہیں کہ یہ سب حقیقی نہیں ہے۔ مجھے نہیں معلوم کیوں۔شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ شادی کے لیے وقت یا عمر کی قید کے بجائے صحیح ساتھی اور ایک اچھے انسان کا ملنا زیادہ اہم ہے، میرے لیے وہ شخص بہترین ہوگا جو میری طرح خاندان کے ساتھ گھل مل جائے کیونکہ میں خاندان کو بہت اہمیت دیتی ہوں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمارا پس منظر بھی ملتا جلتا ہونا چاہیے اور اسے خوش اخلاق اور نیک دل انسان ہونا چاہیے۔




