اسلام آباد (بیوروچیف)ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمدسلمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ذرائع وزارت صحت کے مطابق ڈاکٹر محمدسلمان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کا عارضی چارج دے دیا گیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر تنویر وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی ہیں جب کہ ڈاکٹر محمد سلمان کو آتشزدگی واقعہ کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز تعینات کیا گیا تھا۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے 31 اگست کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا، انہیں 3 سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر ای ڈی پمز تعینات کیا گیا تھا۔عہدہ سنبھالنے کے فورا بعد ڈاکٹر محمد سلمان نے پمز اسپتال کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز، افسران اور عملے سے اہم ملاقات اور اجلاس کی صدارت کی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ حال ہی میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر شفاف کارروائی کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہسپتال میں وسیع پیمانے پر اصلاحاتی اقدامات کیے جائیں گے اور اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ ڈاکٹر محمد سلمان نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کے رش کو بہتر انداز میں مینج کرنے اور طبی سہولیات کی فراہمی کو آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




