سعودیہ میں مقیم غیر ملکیوں کے لئے ہنگامی انتباہ

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے ملکی اور غیر ملکی شہریوں کے لیے ایک اہم اور ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ملک کے دفاعی نظام، میزائلوں یا ڈرونز کو فضا میں روکنے کے مناظر کی ویڈیوز بنانا اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا قانونا ممنوع اور سنگین جرم قرار دے دیا گیا ہے۔سعودی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ایسی کسی بھی فوجی یا دفاعی کارروائی کی فلم بندی کرنا، تصاویر لینا یا انہیں کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پھیلانا ملکی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد خواہ وہ سعودی شہری ہوں یا مقیم غیر ملکی ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔قبل ازیں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ اتحاد برائے دفاع کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی صورتحال اور خطرات کا جائزہ لیا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور سعودی عرب کے شہروں، شہریوں اور معاشی تنصیبات پر جاری حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اعلامیے میں سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی حملے یا خطرے کو واضح طور پر مسترد کیا گیا۔کمیٹی نے اجتماعی دفاع کے وعدوں پر فوری طور پر عملی اقدامات شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور طے شدہ فوجی دستے اور دفاعی صلاحیتیں فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی منظوری دی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ان فوجی دستوں اور صلاحیتوں کی سعودی عرب میں تیز رفتار تعیناتی یقینی بنائی جائے گی، جو منظور شدہ انتظامات اور تینوں ممالک کے قومی قوانین کے مطابق ہوگی۔ان اقدامات کا مقصد تینوں ممالک کی دفاعی تیاری، عسکری انضمام اور خطرات کا مقابلہ کرنے کی اجتماعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے اس بات کی بھی توثیق کی کہ ہر رکن ملک کی سلامتی، تینوں ممالک کی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں