قومی مسائل کو متحد ہوکر حل کرنا ضروری ہے

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان مسلم لیگ کے بانی رہنما، سابق مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر سلیم سیف اللہ خان سے پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر رہنما عجب گل سورانی، فرمان شاہ داوڑ، احمد ابراہیم، سدید خان مروت ، احسان خان مروت اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے اہم ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، درپیش قومی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ ملک اس وقت مختلف نوعیت کے سنگین چیلنجز سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں قومی مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی باہمی رنجشوں اور اختلافات سے بالاتر ہو کر وسیع تر قومی مفاد میں مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام ملکی ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ جب تک امن و امان سے متعلق مسائل کو سنجیدگی اور ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کیا جاتا، دیگر قومی، معاشی اور سماجی مسائل پر مؤثر پیش رفت مشکل رہے گی سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ سیاست سے پہلے ریاست پاکستان ہے؛ ایک پرامن اور مستحکم پاکستان ہی تمام دیگر مسائل پر قابو پانے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔ملاقات میں ملکی استحکام، امن و امان کے قیام اور قومی مسائل کے حل کے لیے سیاسی قیادت کے درمیان باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں