فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) موٹرسائیکل کی زد میں آ کر 14 سالہ لڑکا جاں بحق’ سڑک کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا کر کار سوار ماں بچوں سمیت 5افراد بری طرح زخمی ہو گئے’ جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تاندلیانوالہ کے علاقہ رحمے شاہ کے قریب 14 سالہ طلحہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ وہاں سے گزرنے والے تیز رفتار موٹرسائیکل رکشہ کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ پاکپتن شریف کا رہائشی 32 سالہ شیراز ولد اعجاز اپنی والدہ 50سالہ صفیہ بی بی اور عزیزوں 28سالہ انیقہ زوجہ اپنے دو بچوں 2سالہ سید ذیشان اور 3ماہ کے بہزاد شاہ کے ہمراہ کار پر فیصل آباد آ رہے تھے جب وہ 401 گ ب کے قریب پہنچے تو تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے کھڑے ٹرالر سے ٹکرا گئے اور کار سوار پانچوں افراد بری طرح زخمی ہو گئے، گاڑی کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔




