ڈاکوؤں نے تعاقب کرنے پر معروف بزنس مین کو قتل کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سول لائن کے علاقہ چناب کلب سے پجارو گاڑی چوری کر کے فرار ہونیوالے مسلح ڈاکوئوں نے تعاقب میں آنے والے پاکستان عوامی تحریک کے سرکردہ راہنما’ سابق نائب ناظم اور معروف جمسا کمپنی کے مالک اشرف قادری کے جواں سالہ بیٹے ریحان اشرف کو گولی مار کر قتل کر دیا’ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی’ سی پی او تنویر حسین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے قاتلوں کو فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ تفصیل کے مطابق سمن آباد گلی نمبر4 کے رہائشی محمد حسن اشرف ولد محمد اشرف قادری نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی ریحان اشرف’ محمد اکرم’ محمد امجد ہمراہ جمسا آفس سے بھائی ریحان اشرف کی گاڑی AYB-818 پرفیملی فنگشن پر کھانا کھانے چناب کلب آئے اور گاڑی چناب کلب کے ویلے پارکنگ والوں کے حوالے کر کے اندر چلے گئے، اسی دوران مسلح افراد چناب کلب میں داخل ہوئے، ویلے پارکنگ کے ورکر کو گاڑی سمیت یرغمال بنا کر فرار ہو گئے، کچھ دیر بعد گاڑی میں ٹریکر سے گاڑی کے آن، آف ہونے کے میسج آنے شروع ہو گئے، تشویش ہونے پر پارکنگ میں آ کر دیکھا تو گاڑی غائب تھی، جس پر فوری طر پر ٹریکر کمپنی والوں اور ریسکیو15 پر بھی کال کر کے پولیس کو صورتحال سے آگاہ کیا، ٹریکر کمپنی والوں کی طرف سے واٹس ایپ پر گاڑی کی لوکیشن جڑانوالہ روڈ پر بندوخان ہوٹل کے قریب بتائی، میٹرو ٹرک کی تعمیر کی وجہ سے ٹریفک کافی سست روی سے چل رہی تھی اور وہ فوری طور پر دوسری گاڑی میں سوار ہو کر تعاقب میں جڑانوالہ روڈ کی طرف گئے جب وہ جڑانوالہ روڈ پر بجلی گھر کے قریب پہنچے تو یو بی ایل بنک کے سامنے گاڑی نظر آئی تو ریحان اشرف اپنی گاڑی کو روکنے کیلئے آگے بڑھا اور کہا کہ اسکی گاڑی کو کہاں لے جا رہے ہو، جس پر گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی، گولی ریحان اشرف کی گردن میں لگی اور وہ خون میں لت پت ہو کر گر پڑا تو ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر محمد علی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی۔ ریحان اشرف قادری کے قتل کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی اور کاروباری حلقوں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے کہ چناب کلب کے ممبران بھی محفوظ نہیں رہے۔ سی پی او تنویر حسین نے خونی ڈاکے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر ڈویژن سعید احمد کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ریحان اشرف قادری کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم کے احکامات جاری کئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں