تائیوان کی ایوا ایئرویز کے فلائٹ شیڈول کی منظوری

کراچی(بیورو چیف) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے تائیوان کی بین الاقوامی ایئرلائن ایوا ایئرویز (EVA Air) کے موسم سرما کے فلائٹ شیڈول 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ایئرلائن کی مسافر اور کارگو پروازیں 28 اکتوبر 2026 سے 27 مارچ 2027 تک پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرسکیں گی۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایوا ایئرویز کو پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کے لیے اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔ ، تاہم پروازوں کو متعلقہ قواعد و ضوابط اور طے شدہ شرائط کی پابندی کرنا ہوگی۔سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ایوا ایئرویز کے لیے مقررہ فضائی راستوں پر عمل درآمد لازمی ہوگا، جبکہ پروازوں کے ذریعے جنگی سامان اور جاسوسی کے آلات لے جانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بین الاقوامی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت اور فلائٹ شیڈول کی منظوری فضائی آپریشنز کو منظم رکھنے اور متعلقہ حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اہم ہوتی ہے۔ایوا ایئرویز تائیوان کی معروف بین الاقوامی ایئرلائن ہے، جس کا مرکزی فضائی مرکز تائیوان تاؤیوان انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ ایئرلائن ایشیا، آسٹریلیا، یورپ اور شمالی امریکا سمیت مختلف خطوں کے 40 سے زائد شہروں کے لیے پروازیں چلاتی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ونٹر شیڈول کی منظوری کے بعد ایوا ایئرویز مقررہ مدت کے دوران پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کا آپریشن منظور شدہ شرائط کے مطابق جاری رکھ سکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں