لاہور (بیوروچیف)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ذیابیطس خاموش دشمن ہے،احتیاط، آگاہی اور نظم زندگی سے قابو میں آ سکتا ہے۔پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کی بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری سے مزیدموثر جنگی کاوشوں کی متقاضی ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق ہر دروازے تک پہنچا رہی ہے۔تاریخ میں پہلی بار ٹائپ ون شوگر کے مریض بچوں کو انسولین کٹس دہلیز تک پہنچائی جارہی ہیں۔ذیابیطس سمیت دیگر امراض کے لاکھوں میڈیسن باکس مریضوں کے گھروں میں پہنچائے جارہے ہیں۔اچھے شہری ہونے کے ناطے سب اپنی صحت کے محافظ بنیں،مناسب طرز زندگی اپنائیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ متوازن غذا،باقاعدہ ورزش اور بلڈ شوگر کا تسلسل سے معائنہ ہی ذیابیطس سے تحفظ کی کنجی ہے۔ذیابیطس مرض کا تیزی سے پھیلاؤ ایک قابل فکر امر ہے،اجتماعی کوششوں سے ذیابیطس کے مرض پر قابوپایا جا سکتاہے۔




