ملک کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے قومی قیادت کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت اور ہم آہنگی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی وزیراعظم میاں شہباز شریف کی رہائشگاہ آمد اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار قومی امور میں مشترکہ ذمہ داری کے احساس کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کو درپیش معاشی، سماجی اور انتظامی تقاضوں کے تناظر میں ایسے روابط اور ملاقاتیں اہمیت کی حامل ہیں ، کیونکہ قومی ترقی کا سفر اسی وقت زیادہ موثر انداز میں آگے بڑھ سکتا ہے جب ملک کی قیادت مشترکہ قومی اہداف کے حصول کیلئے یکسوئی کے ساتھ کام کرے، پاکستان ایک اہم جغرافیائی محل وقوع، با صلاحیت انسانی وسائل، قدرتی وسائل اور وسیع معاشی امکانات کا حامل ملک ہے، ان صلاحیتوں کو بھر پور انداز میں بروئے کار لانے کیلئے قومی اداروں کے درمیان رابطے، آئینی ذمہ داریوں کا احترام اور عوامی مفاد کو مقدم رکھنا ضروری ہے۔ صدر مملکت اور وزیراعظم اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔اس تعاون سے قومی ترجیحات کو آگے بڑھانے، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ایک قیمتی اثاثہ ہیں، اگر انہیں معیاری تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ قومی معیشت کو نئی قوت دے سکتے ہیں۔ اسی طرح خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت، چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی ترقی کے اہم تقاضے ہیں، قومی قیادت کی باہمی مشاورت ان اہداف کے حصول کیلئے ساز گار ماحول پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے ملک میں معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے صدر پاکستان کو اپنے دورہ ترکیہ کے بارے میں بتایا۔ ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاحی منصوبوں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت کی وزیراعظم کی رہائش گاہ آمد اور مل کر کام کرنے کے عزم کو اسی وسیع تر قومی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا تقاضا ہے کہ قومی قیادت کے باہمی مشاورت، آئینی ذمہ داریوں کے احترام اور عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھے۔ ملک کو معاشی استحکام ، روزگار کے مواقع ، معیاری تعلیم اور بہتر عوامی سہولتوں کی ضرورت ہے۔ ان اہداف کے حصول کیلئے مسلسل محنت، موثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ بلا شبہ قومی یکجہتی ، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مشترکہ کوششیں پاکستان کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ باہمی تعاون کے اس جذبے کومستقبل قومی ترجیح بنایا جائے تاکہ پاکستان ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست کے طورپر آگے بڑھے اور اس کے ثمرات عام شہری تک پہنچ سکیں۔




