پنجاب میں 2مراحل میں بلدیاتی الیکشن ہونگے

اسلام آباد (بیورو چیف)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں 2مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز قبول کرلی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)لوکل گورنمنٹ الیکشن نے چیف سیکریٹری پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 2 مراحل میں بلدیاتی انتخابات کی تجویز قبول کرلی ہے، دونوں مرحلوں میں 18، 18 اضلاع میں لوکل باڈی الیکشن ہوگا۔الیکشن کمیشن نے پنجاب میں پہلے مرحلے میں 7 فروری 2027 کو بلدیاتی الیکشن کا اعلان کر رکھا ہے۔پہلے مرحلے میں چکوال، تلہ گنگ، پاک پتن، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور اور نارووال میں بلدیاتی الیکشن ہوگا۔اس مرحلے بلدیاتی الیکشن کے اضلاع کی لسٹ میں چنیوٹ، خانیوال، ننکانہ صاحب، قصور، راولپنڈی، مری، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، لاہور، لودھراں اور سرگودھا کے نام شامل ہیں۔دوسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن میں ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیر آباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاوالدین، وہاڑی، جہلم اور شیخوپورہ کے اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، میانوالی، ملتان، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان میں انتخابی عمل ہوگا۔پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن سے صوبے میں 2 مراحل میں انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی جو منظور کرلی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں